بدین: پولیو مہم کے تیسرے روز ایس ایس پی قمر رضا جسکانی اور ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی کا گولارچی شہر کے پولیو پوائنٹس کا معائنہ

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/ جانو ڈاٹ پی کے)پولیو کے مکمل خاتمے کے قومی مشن کے تحت جاری پولیو مہم کے تیسرے روز ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی نے ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی کے ہمراہ گولارچی شہر میں مختلف ٹرانزٹ اور فکسڈ پولیو پوائنٹس کا تفصیلی دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے پولیو ویکسینیشن کے عمل، بچوں کو دی جانے والی حفاظتی ویکسین کی بریفنگ، اور پولیو ٹیموں کو فراہم کردہ سیکیورٹی انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ دورے کے دوران تعلقہ فوکل پرسن ڈاکٹر محمد رمضان آرائیں اور انچارج ڈی آئی بی انسپکٹر محمد خان سومرو بھی موجود تھے، جنہوں نے سیکیورٹی پلان اور تعینات نفری سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کیں۔

ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی اور ایس ایس پی قمر رضا جسکانی نے پولیو ٹیموں کے تحفظ کی ضمانت دیتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے اور پولیو ویکسینیشن کے عمل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ نے ضلع کے تمام سب ڈویژنز کے ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں پولیو ویکسینیشن کے عمل کی براہِ راست نگرانی کریں، سیکیورٹی پر مامور نفری کو ہمہ وقت الرٹ رکھا جائے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس بدین پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔

مزید خبریں

Back to top button