بدین:پنگریومیں ایک ہی خاندان کے 5افراد کے ہاتھ باندھنے کے فیصلے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے)پنگریو کے قریب گاؤں سلطان احمدانی میں ذاتی دشمنی کا معاملہ سنگین صورت اختیار کر گیا ہے۔ حر جماعت سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد (باپ اور چار بیٹوں) کے خلاف جماعتی طور پر ہاتھ باندھنے کے فیصلے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اس موقع پر احتجاج کرتے ہوئے سلطان احمدانی، ان کے بیٹوں اور گاؤں والوں نے بتایا کہ لاڑ چونکی کے مک خلیفہ فقیر لال بخش احمدانی ذاتی دشمنی کی بنیاد پر انہیں نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند روز قبل قربان علی کھوسو کی اوطاق پر چیف خلیفہ کلیم اللہ وساڻ کے سامنے مک خلیفہ کے خلاف فریاد کی گئی اور نظرانداز کرنے پر شکایت کی گئی، جس کے بعد مک خلیفہ ناراض ہو گیا اور ان کے خلاف کارروائیاں شروع کر دیں متاثرین کا کہنا تھا کہ انہیں جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پیر سائیں پاگارا کی فیصل کمیٹی میں بہن کو جائیداد میں حصہ نہ دینے کے معاملے پر فیصلہ کیا گیا تھا، جس میں لاڑ کے مک کو دونوں فریقین کے درمیان فیصلہ کرنے کے لیے مقرر کیا گیا، مگر ان کے مطابق فیصلے کے دوران کوئی بااختیار تیسری فریق کمیٹی کا رکن موجود نہیں تھا اور یکطرفہ فیصلہ کرکے انہیں سزا دی گئی متاثرہ خاندان نے مزید کہا کہ انہیں جماعت سے خارج کروانے کی بھی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے حر جماعت کے روحانی پیشوا پیر سائیں پاگارا سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا نوٹس لیا جائے اور آزادانہ تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ حقیقت سامنے آ سکے، بصورت دیگر انہوں نے خود کو آگ لگانے جیسے انتہائی اقدام کا بھی انتباہ دیا ہے۔



