بدین میں یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر شاندار ریلی، کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے) یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون کاشف رضا منگی اور وائس چیئرمین ضلع کونسل بدین فدا حسین میندھرو کی قیادت میں ڈی سی آفس بدین سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو چوک تک ایک بڑی ریلی نکالی گئی۔

ریلی میں تعلیم، صحت، پولیس، ریونیو، اطلاعات، ایکسائز، ریسکیو 1122، سماجی تنظیموں، میڈیا، اقلیتی برادری اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جس سے بدین کے عوام کے کشمیریوں کے ساتھ گہرے جذبات کی عکاسی ہوئی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون کاشف رضا منگی نے کہا کہ آج کا دن کشمیری عوام کی جدوجہد کو سرخ سلام پیش کرنے کے لیے منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 79 برسوں سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قبضہ جما رکھا ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کھلی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں، جن کا عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام برسوں سے ظلم و جبر برداشت کر رہے ہیں، یہ مظالم اب بند ہونے چاہئیں۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس کی آزادی کے لیے ہم ہر وقت تیار ہیں۔ ان شاء اللہ ایک دن کشمیر ضرور آزاد ہوگا اور بھارت کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے بدین کے عوام کے جوش و جذبے کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کے عوام ہر وقت اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

کاشف رضا منگی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہمیں اپنے بچوں کو کشمیری عوام کی جدوجہد اور بھارتی مظالم سے آگاہ کرنا چاہیے تاکہ آنے والی نسلیں بھی حق و انصاف کی اس جدوجہد کو سمجھ سکیں۔

ریلی کے دوران کشمیری شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

ریلی سے وائس چیئرمین ضلع کونسل فدا حسین میندھرو، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ظہور احمد عباسی، چیف آفیسر ڈسٹرکٹ کونسل اشوک کمار، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عبدالغفار کھوسہ، ڈی ایس پی پیر شبیر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری انور پارابی، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سرفراز سموں، اسسٹنٹ کمشنر بدین راجیش دلپت، ایجوکیشن فوکل پرسن محمد خان سموں، تعلقہ ایجوکیشن آفیسر عبدالفتاح جونیجو، اسسٹنٹ منیجر انڈس اسپتال واثق میمن، ڈسٹرکٹ اسکاؤٹ سیکریٹری میر محمد کھوسہ، ایجوکیشن آفیسر ممتاز میمن سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ 5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستانی قوم غیور اور بہادر کشمیری عوام کے جذبۂ حب الوطنی اور شہداء کشمیر کو سلام پیش کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حقِ خود ارادیت دیا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی قوم ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔

مزید خبریں

Back to top button