بدین: ہاری کے قتل میں ملوث زمیندار کی عدم گرفتاری پر کولہی برادری کا دھرنا، ٹریفک معطل

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)بدین کے نواحی علاقے راجو نظامانی کے گاؤں راہو کولہی میں بااثر زمیندار کی جانب سے ہاری کو قتل کیے جانے کے واقعے پر انصاف کی عدم فراہمی کے خلاف شدید احتجاج شروع ہو گیا ہے۔ چار روز گزرنے کے باوجود مرکزی ملزم کی عدم گرفتاری پر کولہی برادری اور مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چار روز قبل بااثر زمیندار سرفراز نظامانی نے اپنی زمین پر جھونپڑی بنانے پر ہاری کیلاش کولہی کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ واقعے کے بعد مقتول کے ورثاء نے پیرولاشاری اسٹاپ بدین-حیدرآباد روڈ پر لاش رکھ کر دھرنا دیا تھا، جس پر ایس ایس پی بدین نے 24 گھنٹوں کے اندر ملزم کی گرفتاری کی یقین دہانی کروائی تھی۔

تاہم چار روز گزرنے کے باوجود ملزم زمیندار سرفراز نظامانی گرفتار نہ ہو سکا، جس کے خلاف کولہی برادری کے سینکڑوں افراد نے احتجاج کرتے ہوئے بدین-تھرکول روڈ اور بدین-حیدرآباد روڈ پر دھرنا دے دیا۔ دھرنے کے باعث دونوں شاہراہوں پر ٹریفک مکمل طور پر معطل ہو گئی اور سینکڑوں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

احتجاجی دھرنے میں جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی)، پاکستان تحریک انصاف، جئے سندھ محاذ، قومی عوامی تحریک، جسقم (بشیر قریشی گروپ)، عوامی تحریک کے رہنماؤں اور کارکنان سمیت کولہی برادری کی بڑی تعداد، جن میں خواتین بھی شامل ہیں، شریک ہیں۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ بااثر ملزم کو فوری گرفتار کر کے انصاف فراہم کیا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر قانون صرف غریبوں کے لیے ہے تو وہ کسی صورت خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button