بدین: ترقیاتی منصوبوں کی عدم تکمیل پر شہری اتحاد کی احتجاجی ریلی

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے) بدین میں شہری اتحاد کی جانب سے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی عدم تکمیل کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی شہید محترمہ بینظیر بھٹو چوک سے شروع ہو کر شاہنواز بھٹو شہید چوک پر اختتام پذیر ہوئی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور متعلقہ اداروں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
ریلی کے شرکاء نے محکمہ ہائی ویز اور میونسپل کمیٹی بدین پر الزام عائد کیا کہ شہر کی اندرونی سڑکوں سمیت اہم شاہراہوں پر ترقیاتی کام طویل عرصے سے التوا کا شکار ہیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ گولارچی روڈ اور کھوسکی روڈ کی تعمیر کا کام ادھورا چھوڑ دیا گیا ہے، جس سے ٹریفک مسائل، حادثات اور روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
احتجاجی ریلی کی قیادت شہری اتحاد کے رہنما خلیفہ طارق میمن نے کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک گولارچی روڈ، کھوسکی روڈ اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ماہانہ بنیادوں پر احتساب کا نظام قائم نہیں کیا جاتا، احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔
شہری اتحاد کے رہنماؤں نے ضلعی انتظامیہ، میونسپل انتظامیہ اور محکمہ ہائی ویز پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے ترقیاتی منصوبے مکمل نہیں ہو پا رہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ترقیاتی کام مکمل کر کے شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔



