بدین،ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں اہم اجلاس

بدین(جانو ڈاٹ پی کے)2فروری سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کی تیاریوں (ریڈینیس) سے متعلق اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کونسل ہال بدین میں منعقد کیا گیا اجلاس میں چیئرمین ضلع کونسل و صدر پاکستان پیپلز پارٹی ضلع بدین جام علی اصغر ہالیپوتہ، وائس چیئرمین فدا حسین مندھرو، ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ضلع کونسل جام علی اصغر ہالیپوٽو نے کہا کہ 2 فروری سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے دوران محکمہ صحت کے عملے کے ساتھ ساتھ یونین کونسلوں کے چیئرمین، تمام ممبران بشمول خواتین ممبران گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم صرف محکمہ صحت کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر ذمہ دار شہری کو اسے اپنی قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے پولیو ورکرز کا ساتھ دینا چاہیے ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی نے کہا کہ 2 فروری سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچانا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے کیونکہ ہر بچے کا صحت مند مستقبل ہی ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ پولیو کے خاتمے کے لیے محکمہ صحت کے ورکرز سے مکمل تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے والدین کے ساتھ ساتھ تمام سرکاری اداروں، سول سوسائٹی اور میڈیا کو بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ ہم سب کی مشترکہ کامیابی ہے ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ نئے سال کی پہلی پولیو مہم نئے جوش و جذبے کے ساتھ شروع کی جا رہی ہے۔ پہلے پولیو مہم 46 پرانی یونین کونسلوں کے تحت منعقد ہوتی تھیں جبکہ اب نئی 85 یونین کونسلوں کے تحت ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جس سے مانیٹرنگ کا نظام مزید مؤثر ہوگا ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی نے اجلاس میں کہا کہ پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور پولیس و ضلعی انتظامیہ مل کر مہم کی کامیابی کے لیے مکمل تعاون جاری رکھیں گے اجلاس میں این اسٹاپ آفیسر ڈاکٹر کریم بخش گاڈاہی نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 2 فروری سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے لیے عملے میں اضافہ کیا گیا ہے۔ پہلے 46 یونین کونسلوں کے تحت یو سی ایم او تعینات تھے جبکہ اب 85 نئی یونین کونسلوں کے تحت 85 یو سی ایم اوز فیلڈ میں خدمات انجام دیں گے جس سے مانیٹرنگ مزید بہتر ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ فروری کی پولیو مہم کے دوران پیدائش سے 5 سال تک کے 3 لاکھ 91 ہزار 722 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے انہوں نے مزید بتایا کہ مہم میں 85 یو سی ایم اوز، 19 ایم اوز، 335 ایریا انچارجز، 1446 موبائل ٹیمیں، 67 فکسڈ سائٹس، 51 ٹرانزٹ پوائنٹ ٹیمیں اور 84 ای پی آئی سینٹرز شامل ہوں گے اجلاس میں وائس چیئرمین ضلع کونسل فدا حسین مندھرو، ایڈییشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عبدالغفار کھوسہ، ای ڈی ایچ او ڈاکٹر وسیم خواجہ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری الطاف حسین میمن، ایڈییشنل ڈپٹی کمشنر ٹو راجیش دلپت، انفارمیشن آفیسر سرفراز سموں، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر چائلڈ پروٹیکشن دین محمد ڈیرو، ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی بدین اے ثناء اللہ منگی، ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی بدین بی رضیہ اجن، ڈاکٹر ممتاز چانڈیو، چیف آفیسر ڈسٹرکٹ کونسل اشوک کمار، ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری حاجی میر ملاح، سی سی او ساون لطیف جونیجو، ڈی آئی بی انچارج انسپکٹر محمد خان سومرو، فوکل پرسن ایجوکیشن محمد خان سموں، ڈسٹرکٹ منیجر ہینڈز حیدر علی پنہور اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی

مزید خبریں

Back to top button