بدین: یوم پاکستان کی تقریب کا انعقاد

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)پورے ملک کی طرح بدین میں بھی یومِ پاکستان جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ یومِ پاکستان کے موقع پر مرکزی تقریب جِم خانہ بدین میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون کاشف رضا منگی اور دیگر نے قومی پرچم لہرایا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون کاشف رضا منگی نے کہا کہ قراردادِ پاکستان، جو 23 مارچ 1940 کو آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں منظور کی گئی، پاکستان کے قیام کی جانب پہلا باقاعدہ قدم تھا۔ یہ اجلاس لاہور کے منٹو پارک (موجودہ اقبال پارک) میں منعقد ہوا، جہاں مولوی فضل الحق نے قرارداد پیش کی، جبکہ قائدِاعظم محمد علی جناح اور دیگر مسلم رہنماؤں نے اس کی حمایت کی انہوں نے کہا کہ آج ہم اسی قرارداد کی یاد میں یہ دن منا رہے ہیں۔ قرارداد کا بنیادی مقصد برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کا حصول تھا، جہاں وہ اپنی مذہبی، سیاسی، سماجی، معاشی، ثقافتی اور تہذیبی آزادی کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ مسلمانوں کے لیے ایک ایسا خودمختار ملک قائم کیا جائے جہاں وہ اپنے معاملات آزادانہ طور پر چلا سکیں انہوں نے مزید کہا کہ اس قرارداد نے پاکستان کے نظریے کو واضح کیا، جس کی بنیاد پر 1947 میں پاکستان قائم ہوا۔ 23 مارچ پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے، جو ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنے پیارے وطن کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حصول کے لیے دی جانے والی قربانیاں ہم سے تقاضا کرتی ہیں کہ ہم اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں اور ملک کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کریں ریلی میں تعلیم، صحت، پولیس، ریونیو، سماجی بہبود، زراعت، محکمہ اطلاعات، سماجی تنظیموں، میڈیا، اقلیتوں، سول سوسائٹی اور طلبہ سمیت زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی



