بدین: ضلع میں آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم اور ہالیپوتو لائبریری لیکچر ہال کا افتتاح

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے جِم خانہ بدین میں کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم اور مرحوم حاجی عبداللہ ہالیپوتو سی ایس ایس/پی سی ایس لائبریری لیکچر ہال کا افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر بدین کی نگرانی میں آن لائن کمپلینٹ پورٹل اور ویب سائٹ شروع کی گئی ہے، جس سے ضلع میں گڈ گورننس اور شفافیت میں نمایاں بہتری آئے گی۔ بدین یہ سندھ کا پہلا ضلع ہے جہاں شہری شکایات کو آن لائن شفاف اور مؤثر انداز میں درج اور حل کیا جا سکے گا۔

ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی نے بتایا کہ اس نظام کے ذریعے شہری صحت، تعلیم، پانی، صفائی، ریونیو اور دیگر سرکاری شعبوں سے متعلق شکایات گھر بیٹھے ویب یا موبائل کے ذریعے درج کر سکتے ہیں۔ ہر شکایت کو ٹریکنگ نمبر دیا جائے گا، جس سے درخواست گزار اپنی شکایت کی کارروائی اور پیش رفت آن لائن دیکھ سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے کرپشن، سفارش اور غیر ضروری تاخیر جیسے مسائل پر قابو پایا جائے گا اور سرکاری افسران مقررہ وقت میں شکایات حل کرنے کے پابند ہوں گے۔

ڈویژنل کمشنر نے بعد ازاں حاجی عبداللہ ہالیپوتو لائبریری لیکچر ہال کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لائبریری سی ایس ایس، پی سی ایس اور دیگر مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبہ و طالبات کے لیے مفید ثابت ہوگی۔ ضلع میں تعینات سی ایس ایس پاس افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ لائبریری میں لیکچرز دیں، جبکہ ضلع کونسل بدین کی جانب سے ہونہار طلبہ کو اسکالرشپس اور مالی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔

افتتاحی تقریب میں ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکاانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون کاشف رضا منگی، پروفیسر طفیل چانڈیو، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔ شہریوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ جدید نظام ضلع بدین میں شہری سہولت اور اعتماد میں اضافہ کرے گا۔

مزید خبریں

Back to top button