بدین: کسان کیلاش کولہی کے قتل میں مطلوب زمیندار سرفراز نظامانی گرفتار

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے) بدین کے نواحی گاؤں ڈاہو کولہی میں کسان کیلاش کولہی کے قتل کے مقدمے میں مطلوب زمیندار سرفراز نظامانی کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے، جبکہ اس حوالے سے ایس ایس پی بدین آج شام پریس کانفرنس کے ذریعے تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق چھ روز قبل گاؤں ڈاہو کولہی میں بینڈی کی فصل جمع کرنے کے لیے جھونپڑی بنانے پر منع کرنے کے معاملے پر زمیندار سرفراز نظامانی اور کسان کیلاش کولہی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس پر زمیندار نے مبینہ طور پر اپنی بندوق سے فائرنگ کر کے کیلاش کولہی کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا تھا۔
واقعے کے بعد ملزم کی گرفتاری کے لیے مقتول کے لواحقین، کولہی برادری اور مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے بدین حیدرآباد روڈ پر پیرولاشاری اسٹاپ پر احتجاجی دھرنا دیا گیا، بعد ازاں پیر چوک بدین پر 30 گھنٹے سے زائد مسلسل دھرنا دیا گیا، جس کے باعث بدین، حیدرآباد، کراچی اور تھر مٹھی جانے والی ٹریفک مکمل طور پر جام ہو گئی اور سینکڑوں گاڑیاں پھنس کر رہ گئیں۔
دوسری جانب ایس ایس پی بدین کی ہدایات پر سینئر پولیس افسران پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے جدید تفتیشی ذرائع استعمال کرتے ہوئے ملزم کو پنجاب سے میانوالی کے قریب گرفتار کر لیا۔
پولیس ٹیم میں شامل ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایس ایس پی بدین آج شام پریس کانفرنس کے دوران ملزم کی گرفتاری اور کیس کی تفصیلات میڈیا کے سامنے رکھیں گے۔



