اسکول ٹائم میں طلبہ کو گاڑیوں میں نہ بٹھانے پر وین ڈرائیوروں کے خلاف طلبا اور والدین کا احتجاج، سڑک بلاک کردی

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے) ڈیئی کے قریب آرائیں ٹیل کے مقام پر وین ڈرائیوروں کی ناجائز حرکات کے خلاف طلبہ اور والدین کی جانب سے ٹنڈوباگو جھڈو مرکزی سڑک پر احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا گیا، جس کے باعث ٹریفک معطل ہو گئی اور مسافر گاڑیاں رک گئیں۔
احتجاج میں شامل طلبہ شاہزین، باقر شاہ، جانی چاوڑو، وقار پنہور، ارمان خاصخیلی اور والدین نادر خاصخیلی، آصف خاصخیلی، ذوالفقار پنہور، دیدار لاشاری اور عبدالستار پنہور نے میڈیا کو بتایا کہ وین ڈرائیور اسکول کے طلبہ اور طالبات کے ساتھ زیادتیاں کرتے رہتے ہیں اور اسکول کے اوقات میں انہیں گاڑیوں میں نہیں بٹھاتے، جس کے باعث کئی طلبہ مشکلات کا شکار ہو کر اسکول جانے سے محروم رہ جاتے ہیں، نتیجتاً ان کی تعلیم تباہ اور بری طرح متاثر ہو رہی ہے انہوں نے وزیرِ ٹرانسپورٹ، ڈپٹی کمشنر بدین، اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوباگو اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ٹنڈوباگو–جھڈو روڈ پر چلنے والے وین ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور طلبہ کے مسائل حل کیے جائیں۔ ٹرانسپورٹروں کو اسکولی طلبہ کو بٹھانے کا پابند بنایا جائے، بصورتِ دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔



