نو تعمیر پولیس چیک پوسٹ ”مرحوم حاجی عبداللہ ھالیپوٹو ” کا افتتاح، اہم شخصیات کا شرکت

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس حیدرآباد رینج طارق رزاق دھاریجو اور ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے تھانہ ٹنڈو غلام علی کی حدود میں نو تعمیر پولیس چیک پوسٹ ”مرحوم حاجی عبداللہ ھالیپوٹو ” کی نوتعمیر عمارت کا افتتاح کیا افتتاحی تقریب کے موقع پر ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی، ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی، چیئرمین ضلع کونسل بدین علی اصغر ھالیپوٹہ، ڈپٹی کمشنر ٹنڈو الہیار نور مصطفی لغاری، ایس ایس پی ٹنڈو الہیار سید سلیم شاہ، عابد ھالیپوٹہ، ڈی ایس پی یوٹی شفق انور، ڈی ایس پی ماتلی غلام فرید جٹ، ایس ایچ او تھانہ ٹنڈو غلام علی انسپکٹر ایاز علی بھٹی سمیت پولیس افسران اور ضلعی انتظامیہ کے افسران سمیت علاقے کے معززین بھی موجود تھے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے کہا کہ پولیس چیک پوسٹس کا قیام امن و امان کے قیام، جرائم کی روک تھام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتا ہے انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے باہمی اشتراک سے ایسے منصوبے عوام کے لیے براہِ راست فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں اور علاقے میں احساسِ تحفظ کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرتی برائیوں پر قابو پانے کیلئے ہمیں سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، کمشنر حیدرآباد نے کہا کہ ڈی آئی جی پی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو کی جانب سے منشیات کے خلاف جاری مہم نہایت ہی اہم قدم ہے، انہوں نے کہا کہ لوگوں کو چاہیے کہ منشیات کی نشاندہی کریں اور والدین کی اہم ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں تاکہ وہ منشیات جیسے موذی مرض میں مبتلا نہ ہوں ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس حیدرآباد رینج طارق رزاق دھاریجو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی پولیس چیک پوسٹ کے قیام سے نہ صرف جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر مؤثر نظر رکھی جا سکے گی بلکہ شاہراہوں پر نگرانی کے نظام کو بھی مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور جدید انفراسٹرکچر پولیسنگ کے نظام کو مزید مؤثر بناتا ہے انہوں نے کہا علی اصغر ھالیپوٹہ کی جانب سے کیا گیا اقدام بہت ہی قابل ستائش ہے ڈی آئی جی حیدرآباد نے کہا کہ پولیس چیک پوسٹ مرحوم حاجی عبداللہ ھالیپوٹو کا جس جگہ پر قیام ہوا ہے وہاں پر تین اضلاع کی حدود ملتی ہیں جس سے جرائم پر قابو پایا جائے گا اور علاقے میں امن قائم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس چیک پوسٹ پر پولیس موبائل ، وائرلیس کمیونیکیشن سسٹم اور پولیس اسٹاف کی تعیناتی کی جائے گی

ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی نے اس موقع پر کہا کہ ضلع بدین میں سیکیورٹی اقدامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں اور نئی چیک پوسٹ تھانہ ٹنڈو غلام علی کی حدود میں امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گی انہوں نے چیئرمین ضلع کونسل بدین علی اصغر ھالیپوٹہ کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے اس اہم منصوبے کو پایۂ تکمیل تک پہنچایا گیا واضح رہے کہ یہ پولیس چیک پوسٹ چیئرمین ضلع کونسل بدین علی اصغر ھالیپوٹہ کے خصوصی تعاون سے تعمیر کی گئی ہے، جس کا مقصد جرائم کی روک تھام، مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھنا اور عوام کو بروقت پولیس سہولیات فراہم کرنا ہے تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی نے نئی چیک پوسٹ کی عمارت کا معائنہ کیا اور پولیس افسران کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں مزید محنت، ایمانداری اور عوام دوست انداز میں ادا کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

مزید خبریں

Back to top button