بدین:ایڈز کے عالمی دن پر آگاہی واک کا اہتمام

بدین (جانو ڈاٹ پی کے)ایچ آئی وی ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر ڈی ایچ او آفس سے سول اسپتال تک ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ظہور احمد عباسی کی قیادت میں آگاہی واک کیا گیا اس موقع پر آگاہی واک سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ظہور احمد عباسی نے کہا کہ ایڈز ایک لاعلاج مرض ہے اور اس سے بچاؤ کے لیے احتیاط انتہائی ضروری ہے۔ ہمیں اپنی روزمرہ زندگی میں احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ بیماری کی صورت میں علاج عطائی ڈاکٹروں سے نہیں بلکہ کسی مستند اور سرٹیفائیڈ ڈاکٹر سے کروایا جائے۔ انجیکشن کا غیر ضروری استعمال ہرگز نہ کیا جائے اور انتہائی ضرورت پڑنے پر نئی ڈسپوزیبل سرنج استعمال کی جائے۔ نائی سے شیو یا بال کٹواتے وقت نیا بلیڈ استعمال کروایا جائے۔ خون لگواتے وقت یہ یقین دہانی کرنا ضروری ہے کہ یہ خون ایچ آئی وی ایڈز سمیت کسی بھی موزی بیماری سے پاک ہے۔ جنسی تعلقات صرف اپنے شریکِ حیات تک محدود رکھے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اپنانے سے انسانی جانیں محفوظ بنائی جاسکتی ہیں آگاہی واک میں اسسٹنٹ کمشنر بدین راجیش دلپت، سول سرجن سول اسپتال بدین ڈاکٹر اختر تالپر، اے آر ٹی سینٹر انچارج ڈاکٹر آفتاب بھرگڑی، ڈینٹل سرجن ڈاکٹر آغا عمران پٹھان، اے ڈی ایچ او ڈاکٹر وسیم خواجہ، ڈسٹرکٹ انچارج "نئی زندگی” معشوق نظامانی، پروجیکٹ مینیجر نئی زندگی سارنگ جونیجو، ڈاکٹر ثناء اللہ، ڈاکٹر صلاح الدین کھوسو، سٹی انچارج اے ایس آئی ایاز انصاری، اے ایس آئی عبدالغفور کنبھار، این جی اوز کے نمائندگان، سماجی رہنماؤں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔



