سینئر کھلاڑیوں کی شامت آگئی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)سینئر کھلاڑیوں کی شامت آگئی۔آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے گروپ میچ میں بھارت سے شکست کے بعد قومی ٹیم کے ٹی 20 اسکواڈ سے بڑے ناموں کی چھٹی کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت سے شکست کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے بڑے ناموں پر بھروسہ کرنا چھوڑ دیا، میچ کے بعد میٹنگ میں سینیئر کھلاڑیوں کے کارکردگی کے اوپر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
بابراعظم، شاہین آفریدی اور شاداب خان کی حالیہ پرفارمنس پر سابق کرکٹرز اور سوشل میڈیا نے بھی سوالات اٹھا لیے، ٹیم مینجمنٹ نے بابراعظم اور شاہین آفریدی کو بینچ پر بٹھانے پر غور شروع کردیا، نمیبیا کے خلاف میچ میں بینچ اسٹرینتھ کو آزمانے پر غور کیا جانے لگا۔
ذرائع کے مطابق بابراعظم کے متبادل کے لیے بینچ پر فخرزمان اور خواجہ نافع موجود ہیںِ، شاہین آفریدی کی جگہ سلمان مرزا اور نسیم شاہ کو کھلانے پر غور کیا جانے لگا۔
نمیبیا کے خلاف پاکستان کے آخری گروپ میچ دو سے تین تبدیلیوں کا امکان ہے، پاکستان نمیبیا سے جیت کی صورت میں سپر ایٹ راونڈ کے لیے کوالیفائی کرے گا۔
واضح رہے کہ بابراعظم نے ورلڈکپ کے تین میچز میں مجموعی طور پر 66 رنز بنائے جس میں یوایس اے کےخلاف 46 رنز کی اننگز شامل ہے جبکہ شاہین آفریدی نے تین میچز میں صرف 3 وکٹیں اپنے نام کیے۔



