مریم نواز کے لباس پر تنقید، عظمیٰ بخاری نے سوشل میڈیا ناقدین کو کھری کھری سنا دیں

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے پہناوے پر تنقید کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کو کھری کھری سنادیں۔
گزشتہ دنوں مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی کی تقریبات ہوئیں جس کے سوشل میڈیا پر کافی چرچے رہے۔
مہندی، شادی اور ولیمے کی تقریبات کی تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آئیں جس میں مریم نواز کے لباس پر کچھ لوگوں نے تنقید تو کچھ نے تعریف کی۔
اب عظمیٰ بخاری کا ایک ویڈیو بیان پنجاب حکومت کے آفیشل انسٹاگرام پیج پر جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے ناقدین کو آڑے ہاتھوں لیا۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا ‘مریم نواز کے بارے میں بکواس کی جارہی ہے کہ وہ اتنا تیار تھیں کہ دلہن لائم لائٹ میں نہیں آئی، اصل بات یہ ہے کہ جب مریم تیار نہیں ہوتیں اور عام دنوں میں وہ دفتر آتی ہیں وہ تب بھی لائم لائٹ میں ہی ہوتی ہیں’۔
انہوں نے کہا ‘مسئلہ یہ ہے کہ آپ کو مریم نواز سے جلن ہے کہ وہ اچھی کیوں دکھتی ہیں، اللہ نے انہیں اچھا بنایا ہے کیا کریں’۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ‘جنید صفدر کی شادی الحمد اللہ ٹاپ آف دی ٹاؤن تھی، شادیوں کے لیے ہر گھر میں روایت ہوتی ہے کہ اپنی استطاعت اور حیثیت کے مطابق گھر والے، دوست احباب کپڑے بناتے ہیں، مقصد ہوتا ہے سب اچھے سے خوشی میں شامل ہوں’۔
انہوں نے مزید کہا ‘جب میں نے سوشل میڈیا پر یہ طوفان بدتمیزی دیکھا تو سوچا کتنے بدقسمت لوگ ہیں، 70 سال میں شیروانی پہن کر کوئی دلہا بن سکتا ہے، اس کا فوٹو شوٹ ہوسکتا ہے اور مریم نواز اپنے جوان بیٹے کی شادی میں تیار کیوں نہیں ہوسکتیں؟’



