مریم نواز نے کسی ایسے شہر میں ترقیاتی منصوبے کا افتتاح نہیں کیا جہاں ضمنی الیکشن ہورہے ہيں: عظمیٰ بخاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے بیان پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھاکہ مریم نواز نے لاہورسمیت کسی ایسے شہر میں ترقیاتی منصوبے کا افتتاح نہیں کیا جہاں ضمنی الیکشن ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی الیکشن کمیشن سے ملنے والے نوٹس کو کور کرنے کیلئے مریم نواز پر الزام لگارہے ہیں، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اپنے لیڈر کی طرح عادتاً جھوٹ بولتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھاکہ سہیل آفریدی خود سرکاری افسران کو کل کا سورج نہ دیکھنے کی دھمکیاں لگاتے ہیں، وہ خود شہرناز کی انتخابی مہم چلانے پہنچے لیکن وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنےکسی لیگی امیدوار کی انتخابی مہم نہیں چلائی۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ مریم نواز کی خدمت کے ریکارڈ 90 سے زیادہ پروجیکٹ ضمنی الیکشن کے محتاج نہیں، پنجاب کے عوام خود مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو ووٹ دیتے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے مجھے تو جلسے کے بعد طلب کرلیا، مریم نواز کے خلاف کوئی نوٹس نہیں لیا ، لاہور میں ضمنی الیکشن ہورہا ہے اور مریم نواز وہاں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کررہی ہیں، الیکشن کمیشن سب کو ایک نظر سے دیکھے۔



