پی ٹی آئی مذاکرات نہیں این آر او چاہتی ہے، عظمیٰ بخاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی کی قیادت کو ایک بار پھر آڑے ہاتھوں لے لیا،کہتی ہیں تحریک انصاف مذاکرات نہیں این آر او چاہتی ہے، یہ سیاسی جماعت نہیں، یہ مذاکرات پر یقین نہیں رکھتے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیر اعظم نے پی ٹی آئی کو پانچ مرتبہ مذاکرات کی پیشکش کی لیکن وہ سنجیدہ ہی نہیں،سمجھ نہیں آتی ان بچاروں کا کیا بنے گا،ہم ایکشن لیتے تو پھر بھی ملبہ ہم پر گرتا اور کہتے مہمانوں کا خیال نہیں رکھا،نظر انداز بھی کریں تو ہم ہی مجرم ٹھہرتے ہیں،اللہ جانے مشن لاہور کیا تھا،سہیل آفریدی آئے،پروٹوکول میں لاہور گھوما پھرا،انجوائے کیا اور چلے گئے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہم بلدیاتی الیکشن کیلئے بالکل تیار ہیں،جتنے بھی ضمنی الیکشن ہوئے ہیں ان میں بھی ہم جیتے ہیں اور بلدیاتی الیکشن میں بھی جیتیں گے،تحریک انصاف والوں کوواپسی کا راستہ دکھائیں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کو جمہوری حق کے استعمال کا پورا حق ہے، پنجاب اسمبلی میں 30 افراد کی فہرست جمع کروائی گئی تھی، اسمبلی چوک چوراہا تو نہیں تھا کہ جو چاہتا گھس آتا۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ جتنے لوگ ساتھ آئے تھے انہوں نے گارڈ کو دھکے مارے، دروازے توڑے، زبردستی اندر گھس گئے، یہ انسانوں کی طرح سیاسی سرگرمیاں کیوں نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی حدود میں جو زبان استعمال کی گئی، اس کے باوجود حکومت نے ردعمل نہیں دیا، سروس ایریا میں محسن نقوی کے خلاف شفیع جان نے گھٹیا زبان استعمال کی۔



