پی آئی اے کنسورشیم اور ائیر ایشیا گروپ کا باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق

کولالمپور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کے کنسورشیم کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملائشیا کی صف اول کی ائیر لائن ائیر ایشیا گروپ کی انتظامیہ سے ملاقات کی جس میں دونوں ایئرلائنز نے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

پی آئی اے کے کنسورشیم اور ائیر ایشیاء گروپ کے درمیان ملائیشیا میں ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں فریقین نے باہمی تعاون کو فروغ دینے اور ایوی ایشن کے شعبے میں مشترکہ مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔

پی آئی اے کنسورشیم کے وفد کی قیادت معروف تاجر گوہر اعجاز نے کی۔  وفد میں لیک سٹی ، فوجی گروپ اور فاطمہ گروپ کے نمائندے بھی شامل تھے۔

ملاقات کے دوران ائیر ایشیا گروپ کے سی ای او بو لنگام نے اپنے ادارے کے تجربات اور کامیاب بزنس ماڈل سے آگاہ کیا۔

ملاقات میں دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ پی آئی اے کو ایک جدید، منافع بخش اور عالمی معیار کی ائیرلائن بنانے کے لیے بین الاقوامی سطح کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے۔

اس موقع پر فلائٹ آپریشنز، لاگت میں کمی، مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور روٹس کے مؤثر استعمال جیسے اہم امور زیرِ بحث آئے۔

پی آئی اے کنسورشیم کے ترجمان کے مطابق قومی ائیرلائن کو دنیا کی بہترین انٹرنیشنل ائیرلائنز کی صف میں شامل کرنے کا عزم کیا گیا۔  آئندہ دنوں میں پی آئی اے کے بیڑے میں نئے طیارے شامل کیے جائیں گے ادارے میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے مقامی اور بین الاقوامی روٹس کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے گا۔ ائیرلائن کی کارکردگی کو بہتر بنا کر عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنایا جائے گا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے نہ صرف ایک ائیرلائن بلکہ پاکستان کی پہچان ہے اور اس کی کھوئی ہوئی ساکھ کو بحال کرنا حکومت اور کنسورشیم کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے ادارے کو ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button