آٹو مکینیکا دبئی 2025: عالمی مارکیٹ میں پاکستان کی آٹوموٹیو صلاحیت کا شاندار مظاہرہ

دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) دبئی میں آٹو مکینیکا 2025 ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں جاری ہے جس میں پاکستان کی آٹوموٹیو صلاحیت کا شاندار مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس بین الاقوامی ایونٹ میں دنیا بھر سے درجنوں مینو فیکچررز، ٹیکنالوجی انوویٹرز اور آٹوموٹیو انڈسٹری کے ماہرین شرکت کر رہے ہیں، نمائش میں 60 سے زائد ممالک کے 2 ہزار 300 سے زیادہ نمائش کنندگان شریک ہیں جبکہ 20 قومی پویلینز بھی قائم کیے گئے ہیں جن میں پاکستان، جرمنی، بھارت، ترکی، چین، اٹلی، جنوبی کوریا، تائیوان سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔

2025 کے ایڈیشن میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے پاکستان پویلین میں 10 معروف پاکستانی کمپنیوں کی شرکت کو ممکن بنایا ہے، پاکستانی کمپنیوں کے لیے یہ پلیٹ فارم نہ صرف کاروباری روابط قائم کرنے بلکہ مستقبل کی موبیلٹی کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کا ایک قیمتی موقع ثابت ہو رہا ہے۔

انجینئرنگ ڈائریکٹر قاسم رستگار نے کہا کہ آٹو مکینیکا دبئی ان کے لیے "غیر معمولی طور پر مفید” ثابت ہو رہی ہے، ان کے مطابق وزیٹرز کا ردِعمل اور خریداروں کی دلچسپی توقعات سے کہیں بڑھ کر ہے۔

تین روزہ اس بین الاقوامی تجارتی نمائش کا بنیادی مقصد دنیا بھر کے آٹوموٹیو برانڈز، مینوفیکچررز اور سپلائرز کو ایک ہی پلیٹ فارم پر لانا ہے تاکہ مشرقِ وسطیٰ، افریقہ اور دیگر عالمی منڈیوں میں نئے کاروباری مواقع تلاش کیے جا سکیں۔

مزید خبریں

Back to top button