آسٹریلوی کرکٹ ٹیم پاکستانی سرد موسم سے حیران: اندازہ نہیں تھا کہ یہاں اتنی سردی ہوگی، مچل مارش

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستانی سرزمین پر قدم رکھتے ہی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو غیر متوقع سرد موسم کا سامنا کرنا پڑا جس پر کپتان مچل مارش نے بھی حیرت کا اظہار کیا۔
اس وقت ملک بھر میں سردی کی شدید لہر جاری ہے جس سے پاکستانی عوام کہیں لطف اندوز ہو رہے ہیں تو کہیں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم نسبتاً ٹھنڈے ملک آسٹریلیا سے آنے والی مہمان ٹیم کے لیے پاکستان کی یہ سردی غیر متوقع ثابت ہوئی۔
تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر پری سیریز پریس کانفرنس کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے سیریز کے لیے جوش و جذبے کا اظہار کیا، تاہم ساتھ ہی پاکستان کے سرد موسم پر حیرانی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ یہاں اتنی سردی ہوگی اسی وجہ سے وہ زیادہ گرم کپڑے ساتھ نہیں لائے۔



