کراچی: این آئی سی وی ڈی میں کرپشن کا نیا طریقہ بے نقاب، موبائل ایپ کے ذریعے کروڑوں کی غیرقانونی ادائیگیاں

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) ڈائریکٹر جنرل آڈٹ سندھ کی مالی سال 2024-25 کی رپورٹ میں قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (NICVD) کراچی میں کرپشن کے ایک انوکھے اور غیر معمولی طریقہ کار کا انکشاف ہوا ہے، جہاں پہلی مرتبہ کسی سرکاری ادارے میں موبائل ایپ اکاؤنٹس کے ذریعے کروڑوں روپے کی ادائیگیاں کی گئیں۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق ادارے میں غیرقانونی طور پر 4 کروڑ 90 لاکھ روپے تین مختلف موبائل ایپ اکاؤنٹس میں منتقل کیے گئے، تاہم یہ واضح نہیں کیا جا سکا کہ یہ ادائیگیاں کس مد میں اور کن خدمات کے عوض کی گئیں۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے مالی ضابطوں، قواعد اور میرٹ کو نظرانداز کیا اور من پسند افراد کو موبائل ایپ اکاؤنٹس کے ذریعے رقوم منتقل کروائیں۔
آڈٹ ٹیم کے مطابق NICVD انتظامیہ کروڑوں روپے کی ان ادائیگیوں سے متعلق کوئی تسلی بخش وضاحت فراہم نہ کر سکی، جس پر آڈٹ اعتراضات باقاعدہ طور پر ریکارڈ کر لیے گئے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ معاملہ نہ صرف مالی بدانتظامی بلکہ سرکاری فنڈز کے غیر شفاف استعمال کی سنگین مثال ہے، جس پر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔



