آڈیو لیک کیس: علی امین گنڈاپور عدالت پیش، وارنٹ گرفتاری منسوخ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں آڈیو لیک کیس کی سماعت کے دوران علی امین گنڈاپور عدالت میں پیش ہو گئے، جس کے بعد ان کے خلاف اشتہاری کی کارروائی ختم کرتے ہوئے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے گئے۔

سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نصر من اللہ بلوچ نے کی، علی امین گنڈاپور اپنے وکیل راجہ ظہور الحسن ایڈوکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ شریک ملزم اسد فاروق خان بھی عدالت میں موجود تھے۔

عدالت نے علی امین گنڈاپور اور اسد فاروق خان پر آڈیو لیک کیس میں فردِ جرم عائد کر دی، دورانِ سماعت جج نے ریمارکس دیے کہ آپ تو عدالت پیش ہی نہیں ہوتے رہے، جس پر علی امین گنڈاپور نے مؤقف اختیار کیا کہ سکیورٹی صورتحال، کرفیو اور راستوں کی بندش کے باعث پیش نہیں ہو سکے۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ وہ کال پر لائسنس کے حوالے سے بات کر رہے تھے اور چھاپوں کے دوران ان کے موبائل فون بھی لے لیے گئے، جج نصر من اللہ بلوچ نے ریمارکس دیے کہ محض پراسیکیوشن کے کہنے پر سزا نہیں دی جا سکتی اور کیس میں طویل عرصے سے فردِ جرم عائد نہیں ہوئی تھی۔

وکیل صفائی راجہ ظہور الحسن نے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی استدعا کی اور مؤقف اپنایا کہ اگر ملزم عدالت میں پیش ہو جائے تو عدالت کے پاس وارنٹ منسوخ کرنے کا اختیار ہوتا ہے، عدالت نے وارنٹ منسوخ کرتے ہوئے آئندہ احتیاط برتنے اور باقاعدگی سے پیش ہونے کی ہدایت کی۔

عدالت نے مزید کہا کہ اگر آئندہ ایسی صورتحال ہو تو حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جائے، بعد ازاں کیس کی سماعت 6 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔

مزید خبریں

Back to top button