پی ٹی آئی کالعدم ٹی ٹی پی کاسیاسی ونگ،حملوں سے استثنیٰ حاصل ہے،عطا تارڑ

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے)وزیر اطلاعات عطاتارڑ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کالعدم ٹی ٹی پی کاسیاسی ونگ ہے۔ ان پر حملہ نہیں ہوگا۔ پی ٹی آئی نے استثنیٰ لیا ہوا ہے، قوم جو خمیازہ بھگت رہی ہے اس کے پیچھے تحریک انتشارہے۔ کالعدم ٹی ٹی پی کے بارے میں پی ٹی آئی والوں کی زبانیں لڑکھڑا جاتی ہیں۔
عطاتارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایسی حکمران مسلط ہیں جن کے ذہن بہت چھوٹے ہیں، خیبر پختونخوا میں بدقسمتی سے چھوٹے دل والی حکومت مسلط ہے، وزیراعلٰی کے پی نے لاہور جاتے ہی خواتین کی تضحیک کی۔ خیبر پختونخوا کی حکومت کا کردار شرمناک ہے، عورتوں پر طعنے کستے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کالعدم تحریک طالبان کے خلاف بات کیوں نہیں کرتی؟، تم میں طاقت ہے تو حوصلے سے بات کرو، آج قوم دہشتگردی کا جو خمیازہ بھگت رہی ہے اس کے پیچھے تحریک انتشار کا سیاسی ونگ ہے، ٹی ٹی پی پاکستان کی دشمن ہے، آخری دم تک اس کا تعاقب کریں گے۔عطاتارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے دہشت گردوں کو لاکر خیبر پختونخوا میں بسایا، ان کا لیڈر دہشت گردوں کو شہید کہتا تھا،اُن کا اپنا ایجنڈا ہے، پاک فوج کے کسی جوان کیلئےکبھی انہوں نے ایک لفظ تک نہیں لکھا، کالعدم ٹی ٹی پی کا تعاقب کر کے اس کا خاتمہ کریں گے۔



