وزیرآباد:سائلین کے مسائل کا فوری اور شفاف حل اولین ترجیحات میں شامل ہے،اسسٹنٹ کمشنر

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے) زندگی مختصر ہے اور ہر عہدے دار کو آخرت میں اپنے منصب اور اعمال کا جواب اللہ تعالیٰ کے حضور دینا ہے۔والدین نے پہلا سبق یہی سکھایا ہے کہ جہاں تک ممکن ہو لوگوں کی مدد کی جائے اور ان کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں، اللہ خود ہی مشکلات کو دور فرما دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ نے اپنے آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد نے کہا کہ سائلین کے مسائل کا فوری اور شفاف حل ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کی درخواستیں سن کر ان کا ازالہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت زیادہ تر معاملات قبضہ جائیداد سے متعلق سامنے آ رہے ہیں جن کو قانون کے مطابق اور تیزی سے نمٹایا جا رہا ہے تاکہ متاثرہ شہریوں کو بروقت انصاف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی سرکاری اہلکار عوامی کاموں میں بلاجواز رکاوٹ ڈالے یا رشوت کا تقاضہ کرے تو شہری بلا جھجھک اس کی نشاندہی کریں۔ ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔ جواد حسین پیرزادہ کا کہنا تھا کہ والدین کی تربیت نے انہیں یہ سبق دیا ہے کہ اچھے کاموں میں مشکلات ضرور آتی ہیں مگر جب نیت صاف ہو تو اللہ کی مدد شامل حال رہتی ہے اور عزت میں اضافہ بھی اللہ ہی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت ایک امانت ہے اور اس امانت کو دیانت داری کے ساتھ نبھانا ہی اصل کامیابی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیرآباد میں قانون کی بالادستی، شفاف نظام اور عوامی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ شہریوں کا انتظامیہ پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔



