وزیرآباد:اسسٹنٹ کمشنر نے دیرینہ مسئلہ حل کردیا،متنازعہ اراضی پر سرکاری عیدگاہ بنانے کا اعلان

وزیرآباد(نامہ نگار) اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد نے موضع ہری پور میں دو فریقین کے درمیان پانچ سال سے جاری زمین کے تنازعہ کو باہمی رضا مندی اور خوش اسلوبی سے حل کروا دیا.
اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیر زادہ نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کی ہدایات کی روشنی میں وزیرآباد کے نواحی موضع ہری پور میں عیدگاہ تنازعہ کا کامیاب حل کرواتے ہوئے عوامی مفاد میں بڑا فیصلہ باہمی رضا مندی سے کروا دیا انہوں نے خود موقع پر جا کر دونوں فریقین کو سنا اور عیدگاہ کے پانچ سال سے جاری دیرینہ تنازعہ کے حل کے لیے مشاورت کے بعد اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یہ زمین پورے گاؤں کے لیے سرکاری عیدگاہ کے طور پر مختص کی جائے گی۔اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیر زادہ نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ تنازعہ خوش اسلوبی اور باہنی رضا مندی سے طے پا گیا ہے اور گاؤں میں عیدگاہ کی تعمیر فوراً شروع کر کے مقامی برادری کی مشترکہ معاونت سے دو ماہ میں مکمل کر دی جائے گی۔
گاؤں میں امن، بھائی چارے اور باہنی تعاون کے فروغ کے لیےاسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد کی جانب سے 50,000 روپے کے تعاون کا ہدیہ بھی پیش کیا گیا۔یہ فیصلہ نہ صرف ایک بڑے تنازعے کے خاتمے کا باعث ہے بلکہ گاؤں میں اتحاد، مفاہمت اور اجتماعی بھلائی کی مضبوط بنیاد بھی رکھتا ہے۔انہون نے کہا کہ عوامی خدمت، شفافیت اور مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے۔فیصلہ کے بعد اہلیان دیہہ میں خوشی کی لہر دوڑ آئی اور انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد کا اس دیرینہ تنازعہ کو حل کروانے پر شکریہ ادا کیا.



