الیکشن کمیشن نے اراکینِ پارلیمنٹ کے اثاثوں کے گوشواروں کیلئے 31 دسمبر کی حتمی ڈیڈلائن مقرر کر دی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)الیکشن کمیشن نے اراکینِ پارلیمنٹ کو اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے جمع کرانے کے لیے 31 دسمبر کی ڈیڈلائن دے دی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق تمام اراکین کے لیے مالی سال 25-2024 کے گوشوارے جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ گوشوارے شریک حیات اور زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات سمیت جمع کرانا ہوں گے۔الیکشن ایکٹ کے تحت گوشوارے مقررہ فارم بی پر جمع کروانا لازم ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مقررہ تاریخ تک گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کے نام یکم جنوری کو شائع کیے جائیں گے۔15 جنوری تک گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ گوشوارے جمع ہونے تک معطل اراکین پارلیمنٹ یا اسمبلی کی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

اس کے علاوہ غلط معلومات فراہم کرنے والے اراکین کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔غلط بیانی ثابت ہونے پر 120 دن کے اندر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔فارم بی الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اور متعلقہ دفاتر سے مفت حاصل کیا جا سکتا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق فارم بی الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔الیکشن کمیشن نے تمام اراکین کو مقررہ مدت میں گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔

مزید خبریں

Back to top button