لاڑکانہ،آسیہ کھوسو کے کیس میں ایف آئی اے نے 8 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) جیکب آباد کے علاقے ٹھل میں پولیس اہلکاروں کی مبینہ اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی لڑکی آسیہ کھوسو کے کیس میں ایف آئی اے نے الگ سے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایف آئی اے لاڑکانہ کرائم سرکل میں مسمات نور خاتون کی مدعیت میں درج اس مقدمے میں دفعات 375، 375 ای، 376، 344، 148، 149، 506(2)، 109 اور 34 پی پی سی شامل کی گئی ہیں۔
مقدمے میں کل 8 ملزمان نامزد کیے گئے ہیں جن میں سب انسپکٹر محمد نواز بروہی، اے ایس آئی محراب خان سندرانی، ایچ سی عبدالنبی ابڑو، اہلکار برکت علی جکھرانی، خادم علی، غلام یاسین جکھرانی، میر حسن ابڑو اور مقصود احمد شامل ہیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق، ٹھل پولیس کے ڈی ایس پی نے نامزد 8 ملزمان کو ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ہے اور اب مقدمے کی باضابطہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔



