بھارتی عدالت نے مقبوضہ کشمیر کی تنظیم ’دخترانِ ملت‘ کی سربراہ آسیہ اندرابی کو عمر قید، 2 ساتھیوں کو 30 سال قید کی سزا سنا دی

نئی دہلی(جانوڈاٹ پی کے)بھارتی دارالحکومت دہلی کی خصوصی عدالت نے سینیئر حریت رہنما اور مقبوضہ کشمیر کی تنظیم دخترانِ ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کو سیاسی بنیادوں قائم کیے گئے ایک جھوٹے مقدمے میں عمر قید جبکہ ان کی دو ساتھیوں فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین کو 30 سال قید کی سزا سنا دی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین کو 14 جنوری کوغیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون (یو اے پی اے) کی دفعہ 20، 38 اور 39 کے ساتھ ساتھ تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی مختلف دفعات کے تحت سزا سنائی گئی۔

بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نے آسیہ اندرابی پر نام نہاد نفرت انگیز تقاریر کے ذریعے بھارت کے خلاف جنگ چھیڑنے کا الزام لگاتے ہوئے ان کے لیے عمر قید کی استدعا کی تھی  اور ایڈیشنل سیشن جج چندر جیت سنگھ نے آج دلائل سننے کے بعد یہ سزا سنائی۔

انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس کیس کی مذمت کرتے ہوئے اسے من گھڑت، سیاسی انتقام پر مبنی اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں آزادی پسندوں کے خلاف ظالمانہ کارروائیوں کا حصہ قرار دیا۔

خیال رہے کہ آسیہ اندرابی پہلے ہی 2017 سے نئی دلی کی تہاڑ جیل میں قید ہیں۔

واضح رہے کہ آسیہ اندرابی کے شوہر عاشق حسین بھی گزشتہ تین دہائیوں سے جیل میں نظر بند ہیں، انہیں 2003 میں ایک من گھڑت قتل کیس میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

مزید خبریں

Back to top button