جب تک افغان طالبان دہشتگردی اور دہشتگرد تنظیموں کی حمایت سے دستبردارنہیں ہونگے امن قائم نہیں ہوسکتا، فیلڈ مارشل

جنوبی وزیرستان(جانوڈاٹ پی کے)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل  سید عاصم منیر  نےکہا ہےکہ  پاکستان  اور  افغانستان کے درمیان   پائیدار  امن  اسی صورت ممکن ہے  جب  افغان طالبان دہشت گردی  اور  دہشت گرد تنظیموں کی حمایت ترک کردیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وانا جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شہدا کی یادگار پر پھول رکھے اور مادر وطن کے دفاع میں قربانیاں دینے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو  مغربی سرحد پر سکیورٹی صورتحال اور  آپریشن غضب للحق پر بریفنگ دی گئی۔ فیلڈ مارشل نے مغربی سرحد پر موجودہ سکیورٹی صورتحال  اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا اور اگلے مورچوں پر تعنیات جوانوں سے ملاقات کی اور جاری جھڑپوں کے دوران جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت،آپریشنل مستعدی اور بلند حوصلے کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ  شہدا کی قربانیاں پاکستان کی سلامتی اور استقامت کی بنیاد ہیں، فتنہ خوارج اورفتنہ الہندوستان کا افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کرنا ناقابل قبول ہے، اس جانب سے پیدا ہونے والے ہر خطرے کو  ختم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ دونوں جانب امن تب ہی قائم ہوسکتا ہے جب افغان طالبان دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کی حمایت سے دستبردارہوں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے پاک افغان سرحد  پر تعینات فارمیشنزکی جنگی تیاری، مربوط کارکردگی اور حوصلے  پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Back to top button