صدرآصف زرداری کی پاک چین منصوبوں میں رکاوٹیں ختم کرنےاور سرمایہ کاروں کو سہولت دینے کی ہدایت

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاک چین منصوبوں میں بیوروکریٹک رکاوٹیں ختم کرنے اور تعلیمی نظام کو عالمی معیار کے مطابق ڈیجیٹلائز کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے منصوبوں پر بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے چینی اشتراک سے انفراسٹرکچر، صنعت اور معیشت کو مضبوط بنانے پر زور دیا اور کہا کہ منصوبوں کی تکمیل میں رکاوٹیں ختم، شفافیت اور سرمایہ کاروں کو سہولت دی جائیں۔ اجلاس میں توانائی، زراعت، لائیو اسٹاک، ماحولیات اور ایمرجنسی سسٹمز پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔
صدر مملکت نے محکموں کو چینی شراکت داروں سے قریبی رابطہ اور مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کی، انہو نے کہا کہ مفاہمتی یاداشتوں کو محض کاغذی کارروائی تک محدود رکھنے کے بجائے عملی نتائج میں تبدیل کرنا ناگزیر ہے، پاک چین شراکت داری کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جائے گا۔ پاک چین تعاون پاکستان کے لیے ایک سنہری موقع ہے، اس کے ذریعے صنعتی صلاحیت میں اضافہ کرکے سماجی و معاشی ترقی کو بھی نئی رفتار دی جا سکتی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا متعلقہ ادارے باہمی رابطہ مزید مضبوط بنائیں، منصوبوں کے لیے واضح ٹائم لائنز مقرر کریں اور ان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں، سرمایہ کاروں کو آسانی فراہم ہو اور منصوبوں کی رفتار تیز ہوسکے، ہر منصوبے کی نگرانی کے لیے مؤثر اور مستقل مانیٹرنگ کا نظام قائم کیا جائے۔



