صدرِ آصف زرداری سے وزرا کی اہم ملاقات، وفاقی وزیر داخلہ نے دہشتگردی کیخلاف کارروائیوں اور سرحدی سکیورٹی پر بریفنگ دی

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اور وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بھٹو ہاؤس نو ڈیرو میں ملاقات کی جس میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، مرکزی صدر پی پی پی ویمن ونگ فریال تالپور اور صوبائی وزیر سندھ سید ناصر حسین شاہ بھی موجود تھے. ملاقات میں ملک میں امن و امان، معاشی صورتحال، توانائی کے شعبے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اثرات پر تبادلۂ خیال کیا گیا، وفاقی وزیرِ داخلہ نے صدرِ مملکت کو ملک میں دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں اور سرحدی سلامتی کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ پاک افغان کشیدگی اور علاقائی سکیورٹی چیلنجز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ وفاقی وزیرِ خزانہ اور وزیرِ پیٹرولیم نے معاشی اشاریوں، توانائی کے شعبے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی۔ صدرِ مملکت نے ہدایت کی کہ خطے کی صورتحال کے تناظر میں معاشی پالیسیوں میں عوامی ریلیف کو ترجیح دی جائے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بوجھ کو کم سے کم رکھا جائے تاکہ عام آدمی کو سہولت فراہم کی جا سکے۔



