صدر آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 2 مارچ کو طلب کرلیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 2 مارچ 2026 کو طلب کرنے کی سمری کی منظوری دے دی ہے۔ مشترکہ اجلاس ہر پارلیمانی سال کے آغاز پر بلایا جاتا ہے اور یہ اجلاس دوپہر تین بجے منعقد ہوگا۔
صدر آصف علی زرداری بطور صدرِ پاکستان نویں مرتبہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ اپنے خطاب میں وہ قومی ترجیحات، جمہوری استحکام، آئینی بالادستی اور پائیدار معاشی ترقی کے حوالے سے حکومت کی پالیسی سمت کا تعین کریں گے۔
ذرائع کے مطابق صدر کے خطاب میں خطے اور عالمی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف قومی عزم اور بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا بھی احاطہ کیا جائے گا۔ یہ خطاب آئندہ پارلیمانی سال کے لیے قانون سازی اور حکومتی حکمتِ عملی کا خاکہ پیش کرے گا۔



