صدر آصف علی زرداری کی کویتی قیادت کو قومی دن اور ہالہ فروری تقریبات کے موقع پر مبارکباد

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کویت کے قومی دن اور یومِ آزادی (25 فروری) کے پُرمسرت موقع پر امیرِ کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور برادر کویتی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ تقریبات امیرِ کویت کی دانشمندانہ قیادت میں کویتی قوم کی استقامت، اتحاد اور مسلسل ترقی کی روشن عکاس ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے امیرِ کویت کے نام اپنے خط میں پاکستان اور کویت کے درمیان گہرے اور تاریخی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے روابط باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور علاقائی امن و خوشحالی کے مشترکہ عزم پر قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان برادرانہ تعلقات تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، دفاعی تعاون اور عوامی سطح پر روابط سمیت مختلف اہم شعبوں میں مسلسل فروغ پا رہے ہیں۔

صدر مملکت نے کویت میں مقیم پاکستانی برادری کو دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کویت کی ترقی میں مثبت کردار ادا کر رہی ہے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان، کویت کی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور دونوں برادر ممالک کے مشترکہ مفادات کے لیے تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔

آخر میں صدر آصف علی زرداری نے امیرِ کویت کی صحت و تندرستی، کویتی عوام کی خوشحالی اور پاکستان و کویت کے درمیان برادرانہ تعلقات کی مزید مضبوطی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Back to top button