آصفہ بھٹو زرداری کی شہدائے بھٹو کے مزارات پر حاضری، ملکی سلامتی اور عوامی خوشحالی کیلئے دعائیں

گڑھی خدا بخش(جانوڈاٹ پی کے)خاتونِ اوّل اور رکنِ قومی اسمبلی بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے گڑھی خدا بخش آمد کے موقع پر شہدائے بھٹو خاندان کے مزارات پر حاضری دی۔ انہوں نے دخترِ مشرق شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

اس موقع پر بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مزار پر بھی حاضری دی، جہاں انہوں نے فاتحہ خوانی کرتے ہوئے ملک کی ترقی، استحکام اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے دعا کی۔

بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے شہید میر مرتضیٰ بھٹو اور شہید میر شاہنواز بھٹو کے مزارات پر بھی پھول چڑھائے اور ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہدائے جمہوریت کی لازوال جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھٹو خاندان نے ہمیشہ عوام کے حقوق، آئین کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے لیے قربانیاں دی ہیں۔

خاتونِ اوّل نے شہدائے جمہوریت کے مزارات پر ملک کی سلامتی، عوامی خوشحالی، معاشی استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہیدوں کی قربانیاں پاکستان کے جمہوری سفر کی بنیاد ہیں اور قوم ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماؤں، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے بی بی آصفہ بھٹو زرداری کا والہانہ استقبال کیا اور شہدائے بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

مزید خبریں

Back to top button