محسن نقوی کے منہ توڑ جواب،بھارتی کرکٹ بورڈ کی بولتی بند،دم دبا کر بھاگ گئے

پاک بھارت جنگ سرحدوں اور سفارتی محاذ کے بعد کھیل کے میدان تک پھیل گئی

لاہور(شکیل ملک) 22 اپریل کو پہلگام کے فالس فلیگ آپریشن سے شروع ہوئے والی پاک بھارت جنگ اب سرحدوں اور سفارتی محاذ کے بعد کھیل کے میدانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔ ایشیا کپ کے دوران بھارت کی جانب سے دانستہ پور کھیل میں سیاست کو شامل کرنے کے باعث تنازع کا آغاز ہوا اور بھارتی ٹیم نے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق اور کھیل کی روایات کو توڑتے ہوئے ہینڈ شیک سے انکار کیا۔ بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے پریس کانفرنس میں سیاسی بیان بازی کی۔ دوران میچ بھارتی شائقین کے فقرے کسنے پر پاکستان ٹیم کے کھلاڑی حارث روف نے ہاتھ کے اشاروں سے رافیل گرائے تو پورا بھارت تلملا اٹھا۔ پاکستانی بیٹر صاحبزادہ فرحان نے فیفٹی اسکور مکمل ہونے پر سلیبریشن کی تو اس پربھارت کو آگ لگ گئی۔ جبکہ فائنل میں بھارتی ٹیم نے انتہائی نان پروفیشنل رویہ اختیارکیا اور  ایشیا کپ ٹرافی اے سی سی کے صدر محسن نقوی سے وصول کرنے سے انکار کردیا۔
ٹرافی لینی ہے تو دوبئی اے سی سی آفس آکر مجھ سے لے جائیں، محسن نقوی
اب یہی ٹرافی کا تنازع شدت اختیار کرگیا ہے۔اے سی سی اور پی سی بی کے سربراہ محسن نقوی کی جانب سے اپنے اصولی موقف پر ڈٹ جانے کے بعد گزشتہ روز ہونے والے اے سی سی اجلاس سے بھارتی بورڈ کے حکام اٹھ کر چلے گئے۔ اجلاس میں ویڈیو لنک پر بی سی سی آئی کے قائم مقام صدر راجیو شکلا نے اے سی سی صدر سے ٹرافی دینے کا مطالبہ کیا۔ اس پر محسن نقوی نے جواب دیا کہ ہم ٹرافی دینا چاہتے تھے لیکن آپ کے کپتان نے انکار کردیا۔اے سی سی اور پی سی بی چیف محسن نقوی نے بھارتی بورڈ سے کہا ہے کہ وہ دبئی میں اے سی سی ہیڈ آفس آکر مجھ سے ٹرافی لے جائیں۔
کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے،سابق بھارتی کپتان کپل دیو کی اپنی ٹیم پر تنقید
 ٹورنامنٹ جیتنے کے باوجود بھارتی کرکٹ ٹیم مودی سرکار کی ایما پرٹرافی وصول نہ کرنے پر ناصرف دنیائے کرکٹ بلکہ بھارت میں بھی رسوا ہو رہی ہے اور اس پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو نے اپنے بورڈ اور ٹیم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب حکومت نے کھیلنے کی اجازت دیدی ہے تو ہاتھ ملانا کوئی بڑی بات نہیں، کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے۔ کرکٹ کو سیاسی معاملات سے دور رکھا جانا چاہیے۔میری صرف اتنی گزارش ہے کہ کھلاڑیوں اور میڈیا دونوں کی ذمہ داری ہے کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھا جائے۔ میڈیا کا کام ہے کہ سب کچھ سامنے لائے، لیکن بطور کھلاڑی میں چاہوں گا کہ ہم کھیل پر توجہ دیں، یہ زیادہ بہتر ہوگا۔
آپ اپنی ہٹ دھرمی پر ڈٹے رہے، بھارتی ٹیم کی یہ حرکت گھناؤنی ہے، روی شاستری
معروف بھارتی کرکٹ کمنٹیٹر روی شاستری نے بھی بھارتی ٹیم کی اوچھی حرکت پر شدید غصے کا اظہار کیا اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہ کرنے پر ٹیم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایشیا کپ فائنل ختم ہونے کے بعد اختتامی تقریب کیلئے 45 منٹ تک ڈرامہ کرتے رہے، شائقین انتظار کرتے رہے مگر آپ اپنی ہٹ دھرمی پر ڈٹے رہے، بھارتی ٹیم کی یہ حرکت گھناؤنی ہے۔
اگلے سال پھر پاک بھارت ٹاکرا ہوگا
محسن نقوی نے رواں سال اپریل میں ایشین کرکٹ کونسل کی صدارت سنبھالی تھی جس کی معیاد 2 سال ہے۔ اب اگلا ایشیا کپ 2027 میں بنگلہ دیش میں ون ڈے فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا۔ تاہم اس سے قبل 2026 میں آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلا جانا ہے جس کی میزبانی بھارت اور سری لنکا نے مشترکہ طور پر کرنی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button