ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والے فائنل میں بھی بھارتی کپتان نے اسپورٹس مین اسپرٹ کو نظر انداز کردیا۔
میچ سے قبل ٹاس کے موقع پر بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے آج بھی پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے ہاتھ نہیں ملایا۔
خیال رہے کہ ٹاس کے بعد دونوں ٹیموں کے کپتانوں کے مصافحہ کرنا ایک روایت سمجھا جاتا ہے۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والے گزشتہ 2 میچز میں بھی بھارتی کھلاڑیوں نے ٹاس کے بعد اور میچ کے اختتام پر پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہیں ملایا تھا۔
ایشیا کپ 2025 پاکستان اور بھارت کے پہلے میچ میں بھارتی کھلاڑیوں کے ہاتھ نہ ملانے کے بعد یہ بات سامنے آئی تھی کہ آئی سی سی کے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے دونوں کپتانوں کو ہاتھ نہ ملانے کا کہا تھا جو کہ اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی تھی۔
پاکستان نے اینڈی پائی کرافٹ کے اس اقدام پر سخت احتجاج کیا تھا اور ٹورنامنٹ کے آئندہ میچ نہ کھیلنے کی دھمکی دی تھی جس کے بعد اینڈی پائی کرافٹ نے اپنے اقدام پر معافی مانگ لی تھی۔