’’کیا پِدّی کیا پِدّی کا شوربا‘‘اسدالدین اویسی کا مودی کوپاکستان میں وینزویلا طرز کی کارروائی کا مشورہ

مودی جی56انچ سینے کا دعویٰ کرتے ہیں،مسعود اظہر جیسے لوگوں کو کیوں نہیں پکڑتے،اسد الدین اویسی کی درفنطنی

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسدالدین اویسی نے وینیزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کے معاملے پر بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسدالدین اویسی نے کہا کہ اگر امریکا اپنے فوجی وسائل استعمال کرتے ہوئے وینیزویلا کے منتخب صدر نکولس مادورو کو گرفتار کر کے امریکہ منتقل کر سکتا ہے تو بھارت کیوں نہیں ان عناصر کے خلاف کارروائی کرتا جو مبینہ طور پر بھارت میں دہشت گردی کی سازشوں میں ملوث رہے ہیں۔

اویسی نے بھارتی وزیر اعظم پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ “مودی جی! اگر آپ واقعی 56 انچ کے سینے کا دعویٰ رکھتے ہیں تو پھر ان لوگوں کو کیوں نہیں پکڑواتے جو ممبئی جیسے شہروں میں سازشیں کرتے رہے ہیں، چاہے وہ مسعود اظہر ہو یا لشکرِ طیبہ سے وابستہ عناصر۔”

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جس طرح اپنی فوج کے ذریعے وینیزویلا میں کارروائی کی، اسی طرح بھارت کو بھی اپنے دعوؤں کے مطابق عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔
اویسی نے کہا “اگر ٹرمپ یہ سب کر سکتا ہے تو کیا آپ اس سے کمزور ہیں؟”

خطاب کے دوران اویسی نے سعودی عرب کی یمن میں فوجی کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب دیگر ممالک اپنی فوجی طاقت استعمال کر سکتے ہیں تو بھارت پیچھے کیوں ہٹ رہا ہے۔

واضح رہے کہ وینیزویلا کے دارالحکومت کراکس میں دھماکوں کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ امریکہ نے وینیزویلا میں کارروائی کرتے ہوئے صدر نکولس مادورو کو گرفتار کر لیا ہے، جس پر عالمی سطح پر شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button