خیبرپختونخوا حکومت کا تعلیمی اداروں میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کو نصاب کا حصہ بنانے کا فیصلہ

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)خیبرپختونخوا حکومت نے تعلیمی نظام میں مزید بہتری لانے کے لئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کو تعلیمی اداروں میں نصاب کا حصہ بنانے کا فیصلہ کر لیا۔ محکمہ تعلیم کے مطابق اے آئی کو باقاعدہ طور پر مارچ 2026 سے نصاب کا حصہ بنایا جائے گا۔
دنیا بھر میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیشِ نظر خیبرپختونخوا کے تعلیمی اداروں میں بھی اے آئی کو نصاب کا حصہ بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اسکولوں میں چھٹی جماعت سے بارہویں جماعت تک آرٹیفیشل انٹیلی جنس بطورِ مضمون پڑھائی جائے گی، جس میں مختلف جماعتوں کے لیے 35 سے 50 فیصد تک اے آئی سے متعلق مواد شامل ہوگا۔
اے آئی کی تدریس کے لیے تجربہ کار آئی ٹی اساتذہ کی بھرتی کی جائے گی، جبکہ صوبے بھر میں مجموعی طور پر 5 ہزار 525 آئی ٹی لیبز قائم کی جائیں گی۔ منصوبے کے تحت ہائیر سیکنڈری سکولوں میں 225 اور مڈل سکولوں میں 3 ہزار 515 آئی ٹی لیبز درکار ہوں گی۔



