ارشد ندیم ورلڈ سپورٹس سمٹ 2025 میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے

دبئی(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کے بہترین جیولین تھرو ایتھلیٹ اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو ورلڈ اسپورٹس سمٹ 2025 میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا جو 29 سے 30 دسمبر کو دبئی میں منعقد ہوگا۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ ورلڈ اسپورٹس سمٹ ایک عالمی معیار کا کھیلوں کا اجلاس ہے جس میں دنیا بھر کے معروف کھلاڑی، کھیل کے عہدیدار اور اسٹیک ہولڈرز شرکت کرتے ہیں تاکہ کھیلوں میں شاندار کارکردگی کو سراہا جائے اور کھیلوں کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا جائے۔
ارشد ندیم اس اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے واحد ایتھلیٹ ہوں گے۔ اجلاس میں شامل دیگر عالمی اسپورٹس شخصیات میں سابق UFC چیمپئن خبیب نورماگو میدوو، باکسنگ لیجنڈ مینی پیکیاؤ، ٹینس کے نامور کھلاڑی نوواک جوکووِچ، سرینا ولیمز، ثانیہ مرزا، NFL اسٹار ریجی بش اور فٹبال لیجنڈز رونالڈو اور پاؤلو مالدینی شامل ہیں۔



