گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ پر عائد پابندی ختم
ایتھلیٹکس فیڈریشن نے سلمان بٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچایا،کوچ پر پابندی سے ارشد ندیم کی تیاریوں کو بھی متاثر کیا گیا ہے،ثالث سینیٹر پرویز رشید

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ پر عائد پابندی کو ختم کر دیا، پابندی ختم کرنے کا فیصلہ پی ایس بی کے ثالث سینیٹر پرویز رشید نے کیا۔
دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) ثالث نے پابندی کو غیر قانونی قرار دے دیا جبکہ اسپورٹس بورڈ نے اے ایف پی کا پنجاب ایتھلیٹکس الیکشن کالعدم کرنے کا فیصلہ بھی معطل کر دیا ہے۔
پی ایس بی ثالث نے فیصلے میں کہا ہے کہ سلمان بٹ کے خلاف کارروائی میں ایتھلیٹکس فیڈریشن نے قانونی تقاضوں کو پورا نہیں کیا تھا، نہ کوئی چارج شیٹ فراہم کی گئی نہ ہی کوئی سماعت کا موقع دیا گیا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ایتھلیٹکس فیڈریشن نے سلمان بٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچایا، ارشد ندیم کے کوچ پر پابندی سے ارشد ندیم کی تیاریوں کو بھی متاثر کیا گیا ہے۔
پی ایس بی ایڈجیوڈیکیٹر نے ایتھلیٹکس فیڈریشن کو سلمان بٹ کے خلاف بیان سے بھی روکتے ہوئے کہا کہ پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے معاملات براہ راست ایتھلیٹکس فیڈریشن کے دائرہ اختیار میں نہیں تھے۔
فیصلے کے مطابق پی اے اے کے انتخابات پنجاب اسپورٹس بورڈ اور پنجاب اولمپکس کے زیر نگرانی ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ سلمان بٹ پر ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے تاحیات پابندی عائد کر دی تھی، سلمان بٹ نے پابندی کو اسپورٹس بورڈ کے آئین کے مطابق چیلینج کیا تھا۔


