راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت نے 13ویں مرتبہ علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) راولپنڈی میں انسداد دہشتگردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج سے متعلق تھانہ صادق آباد کیس کی سماعت کے دوران علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے۔

سماعت کے موقع پر علیمہ خان وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہوئیں، جس پر عدالت نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا، عدالت نے ملزمہ کے دونوں ضامنوں کو بھی نوٹس جاری کر دیے۔

وکیل فیصل ملک نے مؤقف اختیار کیا کہ علیمہ خان دیگر عدالتی مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہو سکیں لہٰذا آج حاضری سے استثنیٰ دیا جائے، تاہم پراسیکوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزمہ نے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے باوجود پیش نہ ہو کر عدالتی حکم عدولی کی ہے اور وہ عدالتی کارروائی کو اپنی مرضی سے چلانا چاہتی ہیں۔

پراسیکوٹر سید ظہیر شاہ نے عدالت کو بتایا کہ گواہ چالیسویں مرتبہ عدالت میں پیش ہوئے ہیں جس سے ان کے سرکاری امور متاثر ہو رہے ہیں جبکہ ملزمہ کے رویے کے باعث تفتیشی افسر اور دیگر افراد کا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے۔

عدالت نے پراسیکیوشن کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے اور پولیس کو حکم دیا کہ ملزمہ کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے، کیس کی مزید سماعت کل جمعرات 19 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔

مزید خبریں

Back to top button