میں بور ہو چکا تھا، اس لیے پلے بیک سنگنگ چھوڑ رہا ہوں، اریجیت سنگھ

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بھارت کے معروف گلوکار اریجیت سنگھ کی بالی وڈ پلے بیک سنگنگ چھوڑنے کی اصل وجوہات سامنے آگئیں۔

اریجیت سنگھ نے منگل کو  پلے بیک سنگنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے اپنے مداحوں  کو حیران کر دیا۔

اریجیت سنگھ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ  سب کو نیا سال مبارک ہو۔ میں آپ سب کا دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ آپ نے ان تمام برسوں میں مجھے بے پناہ محبت دی۔ میں خوشی سے یہ اعلان کر رہا ہوں کہ اب میں بطور پلے بیک گلوکار کوئی نیا کام قبول نہیں کروں گا۔ میں اسے یہیں ختم کر رہا ہوں۔ یہ ایک شاندار سفر تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بعد ازاں اریجیت  نے وضاحت کی کہ وہ صرف پلے بیک سنگنگ سے کنارہ کشی اختیار کر رہے ہیں، جبکہ کلاسیکل سنگنگ اور لائیو کنسرٹس جاری رکھیں گے۔

بھارتی  میڈیا کا کہنا ہے کہ اریجیت نے مبینہ طور پر اپنے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مداحوں کے ساتھ اس حوالے سے کئی وجوہات بھی شیئر کیں۔

مداحوں کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹس کے مطابق، جو مبینہ طور پر اریجیت کے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ہیں میں 38 سالہ گلوکار نے اپنے اس فیصلے کی وجوہات پر روشنی ڈالی۔

اریجیت سنگھ نے بتایا کہ یہ فیصلہ نہ تو اچانک تھا اور نہ ہی کسی ایک واقعے کا نتیجہ۔اس کے پیچھے ایک وجہ نہیں بلکہ کئی وجوہات ہیں اور میں کافی عرصے سے ایسا کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ آخرکار میں نے یہ قدم اٹھانے کی ہمت جمع کر لی ہے۔

مبینہ پوسٹس کے مطابق اپنی تخلیقی بے چینی کا ذکر کرتے ہوئے اریجیت نے کہا کہ  ایک وجہ بہت سادہ ہے، میں جلدی بور ہو جاتا ہوں۔ اسی لیے میں ایک ہی گانے کی اسٹیج پر مختلف انداز میں پرفارمنس کرتا ہوں۔ سچ یہ ہے کہ میں بور ہو چکا ہوں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اریجیت  نے یہ بھی بتایا کہ وہ انڈسٹری میں نئے ٹیلنٹ کے لیے جگہ بنانا چاہتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پلے بیک سنگنگ چھوڑنے کی تصدیق کے ساتھ اریجیت سنگھ نے مداحوں کو یقین دلایا کہ موسیقی ان کی زندگی کا لازمی حصہ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ  میں اپنی موسیقی خود بناؤں گا۔

مزید خبریں

Back to top button