تھرپارکر میں آٹے کے نرخ کم کیے جائیں، ارباب لطف اللہ کا وزیراعلیٰ کو خط

تھرپارکر (رپورٹ : میندھرو کاجھروی / جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم پی اے اور سیاسی شخصیت ارباب لطف اللہ نے 30 جنوری 2026ء کو وزیراعلیٰ سندھ کو دو نہایت اہم خطوط لکھ کر تھرپارکر کے عوامی مسائل اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر توجہ دلائی ہے۔

پہلا خط تھرپارکر ضلع میں آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے حوالے سے ہے، جس میں ارباب لطف اللہ نے نشاندہی کی ہے کہ اس وقت سرکاری گندم عام چکیوں کو “اسٹون پالیسی” کے تحت پتھروں کے حساب سے محدود مقدار میں فراہم کی جا رہی ہے، جو ناکافی ہے۔ اس کے باعث چکیوں پر آٹا سرکاری مقررہ نرخ پر دستیاب نہیں رہتا اور عوام مہنگائی کا شکار ہو رہی ہے۔ ارباب لطف اللہ نے چکی مالکان کی درخواست کی بنیاد پر وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ اسٹون پالیسی میں نرمی کی جائے اور گندم کی کوٹہ بڑھائی جائے، جس سے آٹے کی قیمتوں میں کمی آئے گی اور عوام کو ریلیف ملے گا۔

دوسرے خط میں ارباب لطف اللہ نے نوشہروفیروز میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں ناحق شہید ہونے والے راشد علی بوڑیپوٽو کے خاندان کے لیے مکمل مالی معاونت کا مطالبہ کیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ جان کی کوئی قیمت نہیں، لیکن شہید راشد علی کی بیوہ اور معصوم بچوں کی کفالت ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ارباب لطف اللہ نے لکھا ہے کہ وہ اس کیس کو اپنا سمجھتے ہوئے متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں اور شہید راشد کے ورثاء کو انصاف دلانے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

ارباب لطف اللہ نے مزید کہا کہ واقعے کے بعد سے وہ ایس ایس پی نوشہروفیروز روحل کھوسو کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے آگاہ ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ شہید راشد کے قاتل جلد قانون کی گرفت میں آ کر اپنے انجام تک پہنچیں گے۔

آخر میں ارباب لطف اللہ نے وزیراعلیٰ سندھ سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ خاندان کو فوری مالی امداد فراہم کی جائے اور تھرپارکر میں آٹے کے بحران کا مستقل حل نکال کر عوام کو ریلیف دیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button