فتنہ الہندوستان اور سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ ریاست کا دوٹوک اور حتمی فیصلہ ہے، وزیر داخلہ محسن نقوی

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ فتنہ الہندوستان اور سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ ریاست کا دوٹوک اور حتمی فیصلہ ہے۔

سانحہ اے پی ایس کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ بہادر طلباء کے عزم، حوصلے اور عظیم قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں، سانحۂ اے پی ایس پاکستان کی تاریخ کا وہ المناک اور سیاہ ترین باب ہے جس نے دہشت گردی کے سفاک اور بے رحم چہرے کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 16 دسمبر 2014 کو درندوں نے معصوم بچوں کو نشانہ بنا کر ریاستِ پاکستان اور قوم کے مستقبل پر براہ راست حملہ کیا، اے پی ایس کے معصوم شہداء کی عظیم قربانی نے پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف ایک واضح، فیصلہ کن اور غیر متزلزل قومی راستہ دکھایا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ شہداء کے پاکیزہ خون نے یہ فیصلہ ہمیشہ کیلئے ثبت کر دیا کہ دہشتگردی کے خلاف اب کسی ابہام یا مصلحت کی کوئی گنجائش نہیں، اسی قومی عزم کی بنیاد پر ریاستِ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف ہمہ جہت، مربوط اور مسلسل کارروائیوں کا آغاز کیا، ریاست واضح کر چکی ہے کہ دہشتگردی چاہے کسی نام، کسی نعرے یا کسی جھنڈے کے تحت ہو، ہر صورت ناقابل قبول ہے۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ فتنہ الہندوستان اور سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ ریاست کا دوٹوک اور حتمی فیصلہ ہے، پاکستان کا واضح اور مضبوط اعلان ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ اپنے منطقی انجام تک پہنچے گی۔

مزید خبریں

Back to top button