ایپکا سکھر کا اجلاس، مطالبات تسلیم نہ ہونے پر رمضان کے بعد صوبہ بھر میں احتجاج کا اعلان

سکھر (جانوڈاٹ پی کے)آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن (ایپکا) ضلع سکھر کی جانب سے سندھ کے سرکاری ملازمین کے مسائل کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی ایچ او آفس سکھر میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ایپکا ضلع صدر محبوب علی کھوکر نے کی، جبکہ ایپکا سندھ کے صدر مقبول حسین مہر نے بطور خصوصی مہمان شرکت کی۔

اجلاس کے دوران رہنماؤں نے سندھ کے ملازمین کے دیرینہ مسائل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی وعدوں پر عدم اعتماد کا اعلان کیا۔ مقررین نے کہا کہ ماضی میں بھی سندھ ایمپلائز الائنس کی طرز پر 2020 میں قائم کی گئی ایسوسی ایشن نے ملازمین کو محض دلاسوں کے سوا کچھ نہیں دیا، جبکہ آج بھی ملازمین کے مسائل جوں کے توں ہیں۔

اجلاس میں واضح کیا گیا کہ اگر ملازمین کے جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم نہ کیے گئے تو آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن 11 فروری کو نوابشاہ میں ہونے والے سندھ کونسل کے اجلاس میں حکومت سندھ کو تحریری لائحہ عمل دے گی، بصورت دیگر رمضان المبارک کے بعد سندھ بھر میں احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت سندھ پر عائد ہوگی۔

اجلاس میں پنشن کے معاملے کو ریڈ لائن قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ پہلے ہی 65.5 فیصد کٹوتی کے بعد صرف 15 فیصد پنشن دی جا رہی ہے، جس میں کسی بھی قسم کی مزید تبدیلی ملازمین کو ہرگز قبول نہیں ہوگی۔ اسی طرح ڈی آر اے اور گروپ انشورنس کی عدم ادائیگی پر بھی حکومت سندھ کو ذمہ دار قرار دیا گیا۔

ہیلتھ اور پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ کے ضلعی چیئرمینز اور صدور نے کہا کہ میل اور فی میل الاؤنسز کی عدم ادائیگی کے باعث سکھر کے سرکاری ملازمین شدید مشکلات کا شکار ہیں اور انہیں عملی فائدہ نہیں پہنچ رہا۔

اجلاس میں ایپکا ڈسٹرکٹ چیئرمین محمد پناہ مہر، کریم داد بگٹی، الطاف حسین عباسی، تاج سروہی، اسکارپ ڈویژن سے تاج محمد لغاری، بشیر احمد نوناری، انرجی ڈیپارٹمنٹ سے خلیل احمد بروہی، کچی آبادی سے محمد صالح، زوہیب لکھو، جبکہ اریگیشن سکھر بیراج اور گڈو بیراج کے عہدیداران محمد الیاس میمن، محمد علی بھٹو، سلیم لوہر، ارشاد لاڑک، شعیب بلوچ، احمد علی اور سہیل میرانی سمیت دیگر عہدیداران نے بھی شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button