عوامی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر وزیر آباد متحرک، صفائی، تجاوزات، مین ہول کورز، نکاسی آب کا تفصیلی جائزہ

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے)تجاوزات کے خلاف عوامی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر وزیر آباد متحرک، شادمان کالونی کا دورہ۔ وزیر آباد میں عوامی شکایات کے پیشِ نظر تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر وزیر آباد جواد حسین پیرزادہ نے گزشتہ روز شادمان کالونی کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے صفائی کی صورتحال، غیر قانونی تجاوزات، مین ہول کورز، نکاسی آب اور علاقے کے مجموعی حالات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ میونسپل اور انتظامی عملے کو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے، کھلے مین ہول کورز کو فوری طور پر بند کیا جائے اور سڑکوں و فٹ پاتھوں پر قائم غیر قانونی تجاوزات کا بلا امتیاز خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو درپیش مسائل میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیرزادہ کا کہنا تھا کہ شہریوں کی سہولت، تحفظ اور علاقے کی مجموعی بہتری انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر کسی بھی نوعیت کا مسئلہ درپیش ہو تو فوری طور پر انتظامیہ کو آگاہ کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔



