اسسٹنٹ کمشنر ٹھٹھہ شاکر فہیم کی سربراہی میں شہر میں ناجائز اور غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن، نمائندہ جانوڈاٹ پی کے)اسسٹنٹ کمشنر ٹھٹھہ شاکر فہیم کی سربراہی میں شہر بھر میں ناجائز اور غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا۔
یہ کارروائی ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت کی ہدایت پر اینٹی انکروچمنٹ سیل، لوکل گورنمنٹ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے انجام دی گئی۔ آپریشن کے دوران سڑکوں اور عوامی مقامات پر قائم تجاوزات کو ہٹا دیا گیا، جس سے شہریوں کو درپیش ٹریفک اور آمدورفت کے مسائل میں واضح بہتری آئی۔
کارروائی کے دوران تجاوزات قائم کرنے والے افراد کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ آئندہ کسی بھی صورت غیر قانونی قبضے اور تجاوزات سے باز رہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ شہر کو صاف، ستھرا اور خوبصورت بنانے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی کو بہتر رکھنے کے لیے تجاوزات کے خلاف آپریشن آئندہ بھی بلا تعطل جاری رہے گا۔



