بدین: انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر ضلعی انتظامہ اور اینٹی کرپشن کی جانب سے آگاہی واک کا انعقاد

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کی مناسبت سے ضلعی انتظامیہ بدین اور محکمہ اینٹی کرپشن بدین کی جانب سے ڈی سی آفیس  سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو چوک تک ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون کاشف رضا منگی اور ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن محمد علی خواجہ کی قیادت میں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا ، جس میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران، عملے، اساتذہ، طلبہ، سول سوسائٹی اور غیر سرکاری تنظیموں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ واک سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون کاشف رضا منگی نے کہا کہ  بدعنوانی معاشرے کا ایک ایسا ناسور ہے جو اداروں کو دیمک کی طرح کھا کر کھوکھلا کر دیتا ہے۔ اگر اس کا بروقت علاج نہ کیا گیا تو ہمارے ادارے ختم ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کو روکنے سے ہی بہترین گورننس قائم ہوگی، جو ایک مہذب اور ترقی یافتہ معاشرے کے لیے بے حد ضروری ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن محمد علی خواجہ کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ مل کر اس کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے  کرپشن کا راستہ روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ واک کا مقصد عوام تک یہ پیغام پہنچانا ہے کہ تمام محکمے کرپشن کے خاتمے کے لیے ایک آواز اور ایک مؤقف رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ کوششوں اور عوامی تعاون سے ہی بدعنوانی کا مکمل خاتمہ ممکن ہے، جبکہ اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ وہ مرکزی پلیٹ فارم ہے جہاں کرپشن کے خلاف شکایات اور کارروائیاں کی جاتی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button