احمد الاحمد آسٹریلیا کے ہیرو، اتحاد اور حوصلے کی علامت ہیں ، وزیراعظم البانیز

سڈنی (مانیٹرنگ ڈیسک) آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانیز نے سڈنی حملہ کے دوران حملہ آور کو پکڑنے والے ہیرو احمد الاحمد کی ہسپتال میں عیادت کی اور کہا کہ احمد الاحمد آسٹریلیا کے اتحاد اور حوصلے کی علامت ہیں اور آسٹریلیا دہشتگردی کے ذریعے تقسیم نہیں ہوگا۔
آسٹریلوی وزیراعظم نے احمد الاحمد سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے انتہائی مشکل وقت میں بہادری کا مظاہرہ کیا، آپ نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر حملہ آور سے بندوق چھینی اور بے شمار زندگیاں بچائیں۔
آسٹریلوی وزیراعظم نے احمد سے کہا کہ آپ پورے آسٹریلیا کے ہیرو ہیں، آپ نے برائی کا انسانیت کی طاقت سے مقابلہ کیا۔
آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی نے احمد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احمد آسٹریلیا کے سب سے اچھے آدمی ہیں جو عاجزی سے بھرے ہوئے ہیں۔
دوسری طرف احمد الاحمدنے عربی میں ویڈیو پیغام کے ذریعے خیرخواہوں کا شکریہ ادا کیا، احمد الاحمد کے علاج کے لیے اب تک 19 لاکھ آسٹریلوی ڈالر جمع ہو چکے ہیں۔
انتھونی البانیز نے یہ بھی کہا کہ آسٹریلیا میں ایک پھلوں کی دُکان کے مالک احمد الاحمد بونڈائی بیچ پر ہونے والے حملے کے وقت اتفاقاً اس مقام پر موجود تھے، وہ اس علاقے میں ایک دوست کے ساتھ کافی پینے گئے تھے۔
احمد الاحمد کے والد محمد فتح الاحمد کے مطابق ان کے بیٹے نے اپنے جذبات، اپنے ضمیر اور انسانیت کے لیے حملہ آور کا مقابلہ کیا۔



