اے این ایف کے کریک ڈاؤن میں 15 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد دو ملزمان گرفتار، تحقیقات شروع

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 15 کروڑ 12 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کر لی ہے۔ اس کارروائی میں دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اے این ایف کے ترجمان کے مطابق چار علیحدہ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 1532.11 کلوگرام منشیات ضبط کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق حاجی شاہ بس ٹرمینل، ڈسٹرکٹ اٹک میں ایک گاڑی کی تلاشی کے دوران 960 گرام چرس برآمد کی گئی، جس پر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ سٹی بائی پاس سکھر کے قریب ایک گاڑی سے 150 گرام کوکین برآمد ہوئی اور ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔
مزید کارروائیوں میں کلی شادزئی سرنان، ڈسٹرکٹ پشین کے قریب سے 1500 کلوگرام چرس گردہ برآمد کی گئی جبکہ گوٹھ شیر خان، ڈسٹرکٹ حب میں جھاڑیوں میں چھپائی گئی 31 کلوگرام ہیروئن ضبط کی گئی۔
کریک ڈاؤن کے بعد انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور اے این ایف کی ٹیمیں مزید کارروائیوں کے لیے سرگرم ہیں۔



