بھارت کا بڑا فیصلہ، چار سال بعد کابل میں دوبارہ سفارتخانہ کھولنے کا اعلان

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت نے کابل میں دوبارہ سفارتخانہ کھولنے کا اعلان کردیا ہے یہ اعلان بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے یہ اعلان جمعے کو افغان وزیرِ خارجہ امیر خان متقی کے ساتھ نئی دہلی میں ملاقات کے دوران کیا گیا ہے۔ بھارت نے 2021 میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد کابل میں اپنا سفارتخانہ بند کر دیا تھاجو اب لگ بھگ 4 سال بعد کھلنے جارہا ہے۔

 افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی 9 سے 16 اکتوبر تک اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظوری کے بعد بھارت کے دورے پر ہیں۔

امیر متقی نے گزشتہ روز بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے ملاقات کی ۔ جے شنکر نے ملاقات کے دوران کہا کہ "بھارت افغانستان کی خودمختاری، سالمیت اور آزادی کا مکمل احترام کرتا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون علاقائی استحکام اور ترقی میں مددگار ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق بھارتی تکنیکی مشن کو اب مکمل سفارتخانے کی حیثیت دی جا رہی ہے۔

افغان وزیرِ خارجہ امیر خان متقی نے کہا کہ "افغانستان بھارت کو قریبی دوست سمجھتا ہے” اور حالیہ زلزلے کے بعد بھارت سب سے پہلے امداد فراہم کرنے والا ملک تھا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان بھارت کے ساتھ تعلقات کو باہمی احترام، تجارت اور عوامی روابط کی بنیاد پر آگے بڑھانا چاہتا ہے۔

فی الحال بھارت نے طالبان حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا، تاہم دونوں ملکوں کے اعلیٰ حکام کے درمیان ملاقاتوں اور بات چیت کے ذریعے تعلقات میں نرمی کے آثار ظاہر ہو رہے ہیں۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب متقی نے ماسکو میں ایک علاقائی اجلاس میں شرکت کی تھی، جس میں پاکستان، ایران، چین اور وسطی ایشیائی ممالک نے امریکا کی بگرام ایئربیس پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کی تجویز کی مخالفت کی تھی۔

مزید خبریں

Back to top button